27 نومبر 2016 - 09:44
اسلامی جمہوریہ ایران کی اقوام متحدہ کی کارکردگی پر کڑی نکتہ چینی

اسلامی جمہوریہ ایران نے دہشتگردانہ اقدامات کے حوالے سے اقوام متحدہ کی کارکردگی پر تنقید کی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر اور نائب مستقل مندوب غلامحسین دہقانی نے دہشتگردانہ اقدامات کے سلسلے میں اقوام متحدہ کی خاموشی پر تنقید کرتے ہوئے سلامتی کونسل سے دہشتگردی سے مقابلے کے لیے اپنی ذمہ داریاں نبھانے کا مطالبہ کیا۔

غلامحسین دہقانی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے نام ایک خط میں گزشتہ جمعرات کو عراق کے شہر حلہ میں داعش دہشتگرد گروہ کے ہاتھوں ہونے والے دہشتگردانہ حملے، جس میں متعدد ایرانی زائرین شہید ہوگئے، کی طرف اشارہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ یہ ایرانی زائرین کے خلاف داعش دہشتگرد گروہ کا پہلا حملہ نہیں ہے بلکہ ایرانی زائرین اس سے پہلے بھی کئی بار اس تکفیری گروہ کے دہشتگردانہ حملوں کا نشانہ بنے ہیں۔

غلامحسین دہقانی نے علاقے میں دہشتگرد گروہوں منجملہ داعش سے مقابلے کے لیے اسلامی جمہوریہ ایران کے اقدامات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردانہ حملوں اور اقدامات کے نتیجے میں عراق، شام اور دیگر ممالک میں اب تک ہزاروں بے گناہ انسان لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ اس حقیقت عالمی کے پیش نظر دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے لیے عالمی عزم و اردے اور ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔

غلامحسین دہقانی نے علاقے میں تکفیری گروہ داعش کے دہشتگردانہ اقدامات کے سلسلے میں اقوام متحدہ کی خاموشی پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ تکفیری گروہوں کے جرائم میں اضافے کے پیش نظر بعض ممالک کو دہشتگرد گروہوں کی حمایت بند کرنے نیز دہشتگردی اور انتہاپسندی کے خلاف مہم میں شرکت کرنے کی ضرورت ہے۔

واضح رہے گزشتہ جمعرات عراق کے شہر حلہ میں داعش دہشتگرد گروہ کے ہاتھوں ایک پٹرول پمپ پر دھماکہ ہواتھا جہاں زائرین سے بھری ہوئی کم سے کم سات بسیں کھڑی تھیں- ان بسوں میں ایرانی، بحرینی اور عراقی زائرین سوار تھے۔

.......

/169